انڈونیشیا،الجزائر، بوسنیا ہرزگوینااور سنگاپورکے پاکستانی سفارتی مشنز میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

97
انڈونیشیا،الجزائر، بوسنیا ہرزگوینااور سنگاپورکے پاکستانی سفارتی مشنز میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا
انڈونیشیا،الجزائر، بوسنیا ہرزگوینااور سنگاپورکے پاکستانی سفارتی مشنز میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):انڈونیشیا،الجزائر، بوسنیا ہرزگوینااور سنگاپورکے پاکستانی سفارتی مشنز میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ بیرون ممالک پاکستان سفارتی مشنز میں یوم پاکستان کی تقریبات منعقد ہوئیں۔اس موقع پر قومی پرچم۔بلند کیا گیا اور صدر مملکت و وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

پاکستانی سفرا اور شرکاء نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر اورتحریک پاکستان کے رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔81 ویں یوم پاکستان کے موقع پر انڈونیشیا میں پاکستان کے سفیر محمد حسن نے خطاب کرتے ہوئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ، شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور تحریک آزادی کے تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے قیام پاکستان کی راہ ہموار کی۔سفیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے ان کے حق خودارادیت کے جائز حق کے لئے اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سفیر نے 2018 میں تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے ملک میں ہونے والی پیشرفتوں اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو اجاگر کیا ۔الجیریا میں پاکستان کے سفیر عطا المنم شاہد،بوسنیا ہرزیگوینا میں پاکستانی سفیر محمد خالد راؤ اور سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنر رخسانہ افضل نے اجتماع سے خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کی تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیوں کے فوری خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔