انگلش پریمیئر لیگ میں نوٹنگھم فاریسٹ اور بورن ماؤتھ نے اپنے میچز جیت لئے

English Premier League
English Premier League

لندن۔3اپریل (اے پی پی):انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں نوٹنگھم فاریسٹ اور بورن ماؤتھ کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے ، نوٹنگھم فاریسٹ نے فلہم کو 1-3 گول سے شکست دی اور بورن ماؤتھ نے سخت مقابلے کے بعد کرسٹل پیلس کو 0-1 گول سے مات دی۔بدھ کو کھیلے گئے دیگر تین میچز 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوگئے۔ انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔

نوٹنگھم فاریسٹ اور فلہم کی ٹیموں کے درمیان دی سٹی گرائونڈ نوٹنگھم شائر میں کھیلے گئے میچ میں نوٹنگھم فاریسٹ کی ٹیم کے کالم ہڈسن اوڈوئی نےنویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو فلہم کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی ،اور نوٹنگھم فاریسٹ کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی فلہم پر حاوی ہوگئی،نوٹنگھم فاریسٹ کے کرس ووڈ نے میچ کے 19 ویں منٹ میں ایک گول کر کے برتری کو بڑھاتے ہوئے 0-2 کر دیا جس کے بعد مورگن گبزوائٹ نے پہلا ہاف ہونے سے چند لمحات قبل 45 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 0-3 کر دیا، یوں میچ کے پہلے ہاف پر نوٹنگھم فاریسٹ کو فلہم کے خلاف 0-3 گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف کے چوتھے اور میچ کے 49 ویں منٹ پر فلہم کے توسین ادارابیونے ایک گول کر کے مقابلہ 1-3 کر دیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

یوں نوٹنگھم فاریسٹ نے میچ میں فلہم کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ وائٹلٹی سٹیڈیم بورن مائوتھ کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں بورن مائوتھ اور کرسٹل پیلس کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں بورن مائوتھ کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد کرسٹل پیلس کی ٹیم کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ بورن مائوتھ کے جسٹن کلویورٹ نے میچ کے 79 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔بدھ کو مزید تین میچز اور کھیلے گئے جو 1-1 گول کی برابری پر ختم ہوگئے۔

سینٹ جیمز پارک،نیو کیسل کے مقام پر نیو کیسل یونائیٹڈ اور ایورٹن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھی جو 1-1 گول سے برابر رہا۔برنلے اور وولور ہیمپٹن کی ٹیموں کے درمیان میچ ٹرف مور، برنلے میں کھیلا گیا جو 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوگیا، اسی طرح لندن سٹیدیم ،لندن کے مقام پر ویسٹ ہیم یونائیٹڈ اور ٹوٹنہم ہاٹ پور کی ٹیمیں پنجہ آزما تھیں یہ میچ بھی 1-1 گول سے برابررہا۔