اسلام آباد ۔ 16 اگست (اے پی پی) پاکستان کے فاسٹ باولر محمد عرفان نے کہا ہے کہ انگلش کنڈیشنز میں پاکستانی نوجوان بولرز لائن ولینتھ کے ساتھ مختلف ورائیٹیز کا استعمال کرکے حریف بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتے ہیں، مانچسٹر ٹیسٹ میں ہماری ٹیم نے زیادہ تر سیشنز میں بہتر کھیل پیش کیا تاہمآخر میں پارٹنرشپ کو نہیں توڑا جا سکا، سکواڈکے ساتھ تجربہ کارکوچنگ سٹاف ہے، امید رکھنی چاہیے کہ دوسرے ٹیسٹ میں زیادہ اچھی پلاننگ کے ساتھ بولنگ ہوگی اور ٹیم سیریز میں کم بیک بھی کرے گی۔کرکٹ پاکستان ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے کو انٹرویو میں محمد عرفان نے کہاکہ قومی ٹیم سے ڈراپ ہونے پر مایوس نہیں، فٹنس مسائل کی وجہ سے کارکردگی میں فرق آیا، اب تمام مسائل پر قابوپالیا ہے،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں میں واپسی کیلیے سخت محنت جاری ہے اور بس موقع ملنے کا منتظر ہوں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ، شاہین آفریدی،محمد عباس اور دیگر نئے بولرز کےآنے سے مقابلے کا رجحان بڑھا ہے، اس کو بہت مثبت انداز میں لیتا ہوں، ایسے ماحول میں ہر بالر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ شاندار پرفارمنس سے ٹیم میں جگہ برقرار رکھے،اس رجحان سے ملک کو فائدہ ہی ہوتا ہے، میری توجہ بھی ٹیم میں واپسی پر مرکوز ہے۔