چیسٹرلی سٹریٹ ۔31اگست (اے پی پی): ڈیوڈ میلان کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر چار میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ۔ انگلینڈ کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی طرف سے ملنے والا 140 رنز کا ہدف 14 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ڈیوڈ میلان کی نصف سنچری اور برائیڈن کارس کی عمدہ بائولنگ نے انگلینڈ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ برائیڈن کارس کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ریور سائیڈ گراؤنڈ، چیسٹر لی سٹریٹ میں کھیلے گئے چار میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی 20میچ میں میزبان انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ انگلش بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 139 رنز بناسکی اور اس نے میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 140 رنز کا ہدف دیا۔گلین فلیپس 41رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور اس کے 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔
انگلینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائیڈن کارس اور لیوک ووڈ نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔عادل رشید،معین علی اور لیونگسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں میزبان انگلینڈ کی ٹیم نے ڈیوڈ میلان کے 54 اور ہیری بروک کے ناقابل شکست 43 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 14 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان میں حاصل کر کے کیوی ٹیم کو میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ٹم سائوتھی،لوکی فرگسن اور ایش سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میزبان ٹیم کے برائیڈن کارس کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=384678