انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلے گی

222

راولپنڈی۔29نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلے گی، یہ پہلا موقع ہو گا کہ انگلش ٹیم راولپنڈی سٹیڈیم میں کوئی ٹیسٹ کھیلے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تاریخی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر بروز جمعرات سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم تیسرے اور انگلینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم آل رائونڈر بین سٹوکس کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، دیگر کھلاڑیوں میں جیمز اینڈرسن، جو روٹ، زیک کرالی، جیک لیچ، اولی پاپ، ہیری بروک، بین ڈکٹ، بین فوکس، ول جیکس، کیتن جیننگز، لیام لیونگسٹون، جمی اورٹن، ریحان احمد، اولی رابنسن اور مارک ووڈ شامل ہیں۔ 18 سالہ بائولنگ آل رائونڈر ریحان احمد کو پہلی بار انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، اگر انہیں پہلے ٹیسٹ میچ میں پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاتا ہے تو وہ انگلینڈ کے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر بن جائیں گے۔

قومی ٹیم کو مایہ ناز بیٹر بابر اعظم لیڈ کریں گے، سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، محمد رضوان ، حارث رﺅف، نسیم شاہ، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، فہیم اشرف، امام الحق، محمد علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، سرفراز احمد، سلمان علی آغا اور سعود شکیل شامل ہیں۔

لیگ سپنر ابرار احمد اور محمد علی کو پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 دسمبر تک ملتان کرکٹ سٹیڈیم جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ترجمان پولیس کے مطابق پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری سیکورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ راولپنڈی پولیس کے مجموعی طور پر3 ہزار افسران و اہلکار سیکورٹی اور ٹریفک کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ روٹ اور سٹیڈیم کے گرد و نواح میں چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں۔