اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، جلد پانی کے بحران پر قابو پا لیں گے، سینیٹر فیصل جاوید

73

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) کینیڈا میں فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں مونٹریال اور ٹورنٹو کے بعد کینیڈین کیپیٹل اوٹاوا کی بلال مسجد میں نماز مغرب کے بعد پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے چار لاکھ ڈالر سے زائد کے چیک ڈیم فنڈ کیلئے جمع کروائے گئے۔ جمعرات کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے اس بابرکت فنڈریزنگ کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے لئے فنڈز دینا صدقہ جاریہ ہے۔ انشاءاللہ بہت جلد پانی کے بحران پر قابو پا لیں گے۔ تقریب سے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں سینیٹر فیصل جاوید ایڈمونٹن روانہ ہوگئے جہاں پاکستانی کمیونٹی نے فنڈ ریزنگ کا اہتمام کیا ہے۔ ایڈمونٹن کے بعد کیلگری اور وینکوور میں بھی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔ اب تک کینیڈا کے دورے میں 1.5 ملین ڈالر عطیات دیے گئے ہیں۔ فیصل جاوید خان نے احمد سید اور ایم پاکستان ملک گیر موومنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینٹر فیصل جاویدخان، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ڈیم فنڈریزنگ کے سلسلے میں کینیڈا کے دورے پر ہیں، جہاں وہ اب تک 1.5ملین ڈالر کے عطیات وصول کرچکے ہیں۔