22.1 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 31, 2025
ہومقومی خبریںاو آئی سی کامسٹیک اور آئسیسکو مشترکہ طور پر اسلامی ممالک کے...

او آئی سی کامسٹیک اور آئسیسکو مشترکہ طور پر اسلامی ممالک کے وزراء تعلیم کا اجلاس منعقد کریں گے

- Advertisement -

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):پاکستان میں قائم اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون (کامسٹیک) اور اسلامی ممالک کی تعلیم و ثقافت کی تنظیم آئسیسکو نے تعلیم میں نئی ​​جہتوں اور تعلیمی میدان میں اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی و تعاون کو مضبوط کرنے کے لئے او آئی سی کے وزرائے تعلیم کی کانفرنس منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں سٹم (سائنس و ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی) کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

یہ اقدام پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وژن کے مطابق ہے جو تعلیم کے مستقبل کی تشکیل میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے کردار پر زور دیتے ہیں۔ کانفرنس میں فلسطین کے بنیادی ڈھانچے اور انسانی صلاحیت کی تعمیر نو، معیاری تعلیم اور سائنسی ترقی تک رسائی کو یقینی بنانے میں مدد کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور آئسیسکو کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سلیم ایم المالک کے درمیان رباط مراکش ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

- Advertisement -

انہوں نے صحت کے شعبے میں تعاون پر بھی اتفاق کیا، خاص طور پر نظر انداز کی جانے والی متعددی بیماریوں کی روک تھام اور کم ترقی یافتہ افریقی ممالک کی مدد پر خصوصی اقدامات کرنے پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے افریقہ میں سائنس پروگرام کو مشترکہ طور پر شروع کرنے اور پورے خطے کے طلباء اور محققین کو بااختیار بنانے کے لئے مختلف سکالرشپ پروگراموں پر مل کر کام کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ تعاون اسلامی ممالک میں سائنسی اختراعات، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے جو پائیدار ترقی اور عالمی ترقی کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564460

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں