او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ 30 اگست سے پاکستان کا دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

67

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ 30 سے 31 اگست تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے جمعہ کو پریس بریفنگ میں بتایا کہ یہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان کا پہلا باضابطہ دورہ ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اس سے قبل گذشتہ سال دسمبر میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزراءخارجہ کے 17ویں غیر معمولی اجلاس اور اس سال مارچ میں او آئی سی کے وزراءخارجہ کے اسلام آباد میں ہونے والے 48 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل پاکستان میں قیام کے دوران مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم مناسب وقت پر دورے کی مزید تفصیلات جاری کریں گے۔