اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون کی تنظیم(او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے قبل شہر کو رنگا رنگ روشنیوں، مندوب ممالک کے جھنڈوں، استقبالیہ بینرز سے سجا دیا گیا ہے،وفاقی دارالحکومت مندوبین کی آمد کے موقع پر شاندار منظر پیش کر رہا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس میں افغانستان میں انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شہر کی انتظامیہ غیر ملکی معززین کے استقبال کے لیے شہر کو ایک رنگین شکل دینے کے لیے تیار ہے، سڑکوں اور راستوں کو رنگا رنگ روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ او آئی سی کے متعدد مندوبینکا ریڈکارپٹ استقبال کیا جا رہا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کم از کم 90 غیر ملکی مندوبین افغانستان میں انسانی بحران سے نکلنے کے لیے غور و فکر اور راستہ تلاش کرنے کے لیے یہاں پہنچ چکے ہیں۔ وہ ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کر رہے تھے جہاں انہوں نے معزز مہمانوں کے استقبال کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور حکام سے کہا کہ وہ معزز مہمانوں کو سہولت فراہم کریں۔
وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہریوں کو ٹریفک کے رش سے بچانے اور مندوبینکی محفوظ نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے ہفتہ اور پیر (18 اور 20 دسمبر) کو شہر میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 57 ممالک کے مندوبین اور وزرائے خارجہ کی شرکت کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔