32 C
Islamabad
جمعرات, مئی 1, 2025
ہومقومی خبریںاُڑان پاکستان وژن کے تحت ایسا ملک تعمیر کرنے کے لیے پرعزم...

اُڑان پاکستان وژن کے تحت ایسا ملک تعمیر کرنے کے لیے پرعزم ہیں جہاں محنت کشوں کو باعزت روزگار، مناسب اُجرت، محفوظ ماحول اور صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر ہوں، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال

- Advertisement -

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اُڑان پاکستان وژن کے تحت ایسا پاکستان تعمیر کرنے کے لیے پرعزم ہیں جہاں محنت کشوں کو باعزت روزگار، مناسب اُجرت، محفوظ ماحول اور صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر ہوں۔ جمعرات کو محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ محنت کشوں کا عالمی دن ہم سب کو یہ یاد دلاتا ہے کہ مضبوط، خوددار اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہمارے محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں اور ہنر مندوں کی شب و روز کی محنت اور خون پسینے سے جڑی ہے، آج کا دن ہمیں اس طبقے کے حقوق، وقار اور خوشحالی کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اُڑان پاکستان کے وژن کے تحت ایسا پاکستان تعمیر کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں محنت کشوں کو باعزت روزگار، مناسب اُجرت، محفوظ ماحول اور صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر ہوں، ایک ایسے معاشرے کی تشکیل اور ایسی معیشت کا قیام چاہتے ہیں جہاں سب کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں، جہاں کوئی بھی فرد اپنے سماجی یا مالی پس منظر کی بنیاد پر پیچھے نہ رہ جائے۔ان کا کہنا تھا کہ محنت کش طبقہ صرف فیکٹری، کھیت یا تعمیراتی جگہوں تک محدود نہیں بلکہ اس میں ہر وہ فرد شامل ہے جو اپنے خاندان اور ملک کے لیے دن رات مشقت کرتا ہے، ہماری پالیسیوں کا مرکز و محور یہی طبقہ ہے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکوت یہ سمجھتی ہے کہ جب تک محنت کش طبقے کو سماجی انصاف، تحفظ، عزت اور آگے بڑھے کے یکساں مواقع میسر نہ ہوں اُس وقت تک ملکی ترقی کا خواب ادھورا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت معیشت کی بحالی، صنعتوں کے فروغ، ایکسپورٹس کے اضافے اور نوجوانوں کو ہنر دینے کے پروگرامز کے ذریعے باعزت روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جہاں محنت کو عبادت سمجھا جائے اور محنت کش کو مکمل عزت، سہولت اور انصاف حاصل ہو۔آئیے آج کے دن اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم اپنے محنت کش بھائیوں اور بہنوں کی قدر ، ان کے حقوق کا تحفظ اور ایک ایسا معاشرہ تعمیر کریں گے جو سب کے لیے روشن، پُرامن اور خوشحال ہو۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590780

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں