سڈنی۔2جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 5ٹیسٹ میچوں کی سیریز کاپانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ کل (جمعہ سے) 7 جنوری کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ سڈنی میں کھیلا جائے گا۔میزبان آسٹریلوی ٹیم کو پانچ ٹیسٹ میچوں کی بارڈر؍گواسکر ٹرافی سیریز میں بھارت کے خلاف 1-2 کی برتری حاصل ہے ۔
بھارت کی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم کو 295 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری قائم کی تھی ، تاہم دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان آسٹریلوی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو با آسانی 10 وکٹوں سے شکست دی اور پانچ میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر کر دی،دونوں ٹیموں کے درمیان برسبین میں کھیلا گیا تیسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔
کینگروز نے 26 سے30 دسمبر تک میلبورن کرکٹ گرائونڈپر کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں مہمان بھارتی ٹیم کو 184 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی تھی۔بھارتی ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لئے پانچواں ٹیسٹ جیتنا ضروری ہوگا جبکہ آسٹریلیا کو سیریز اپنے نام کرنے کے لئے پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ کم از کم ڈرا کھیلنا ہوگا۔
بھارت کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف پانچ بین الاقوامی ٹیسٹ میچوں کی بارڈر ۔ گواسکر ٹرافی سیریز کھیلنا تھی جو اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے، جس کے چار میچز کھیلے جا چکے ہیں ۔ بھارتی ٹیم کو مایہ ناز بلے باز روہت شرما لیڈ کریں گے ۔ میزبان ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز لیڈ کریں گے۔ پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ کل جمعہ سے 7 جنوری 2025 سڈنی کرکٹ گرائونڈمیں کھیلا جائے گا۔