اٹلی میں ممکنہ کساد بازاری پر یورپی یونین کو تشویش

100

برسلز ۔ 6 اپریل (اے پی پی) یورپی یونین کے اقتصادی کمشنر پیئر ماسکوویسی نے اٹلی کی اقتصادی صورت حال کو نازک قرار دیا ہے۔ ماسکوویسی کی تشویش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک طرف اٹلی میں کسادبازاری کے پیدا ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں تو دوسری جانب جرمن اقتصاد کو سست روی کا سامنا ہے۔ یورپی کمشنر نے اپنی تشویش رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں یورپی یونین کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اطالوی معاشی صورت حال کے مستقبل کے بارے میں خصوصی رپورٹ سات مئی کو جاری کرنے کا بھی بتایا۔ دوسری جانب اسی اجلاس میں شریک فرانسیسی وزیر خزانہ نے بھی اطالوی معیشت میں کساد بازاری کے پیدا ہونے کے واضح اشارے دیئے ہیں۔