اٹک، انسداد ڈینگی مہم کی تیاریوں کے حوالہ سے اہم اجلاس

6

اٹک۔ 27 جون (اے پی پی):انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعیدنے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ہیلتھ اور ایجوکشن کے افسران، ڈی ڈی ایچ اوز اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف حسین اورمتعلقہ افسران نے اجلاس کو انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی اٹک نے تمام اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ انسداد ڈینگی مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ، سرکا ری اداروں اور بالخصوص محکمہ صحت کو چاہیے کہ وہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیےاپنا بھر پور کر دار ادا کرے اور اس کے ساتھ اس مہم میں دیگر محکموں کی بھی بھرپور معاونت کرے۔

انہوں نے کہاکہ ڈنیگی سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی جا نچنے کے لیے تیسری پارٹی کے ذریعے بھی نگرانی کی جارہی ہے اور ا ن کی کارکردگی کے متعلق اعلیٰ حکا م کو بھی رپورٹ ارسال کی جارہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے تمام ضلعی محکموں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل اٹک انیل سعید نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سرکاری دفاتر میں ڈنیگی سے بچاؤ کے متعلق ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں اور عوام میں شعور بھی بیدار کریں۔انہوں نے اس موقع پر ضلع اٹک کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف اور خشک رکھیں تاکہ وہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔