اٹھائیس مئی پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ، سینیٹر شیری رحمان

349
نو مئی کے واقعات پاکستان کی تاریخ پر سیاہ داغ ،تمام جماعتیں سیاسی عدم استحکام ختم کرنے اور ملکی ترقی کیلئے کردار ادا کریں،سینیٹرشیری رحمان

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پوری قوم کو یوم تکبیر کی مبارک ہو،یہ دن پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہے جو 28 مئی1998 کے کامیاب ایٹمی تجربات کی یاد میں منایا جاتا ہے، اس دن پاکستان نے اپنی جوہری صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور خطے میں ایک ایٹمی طاقت کے طور پر اپنی پوزیشن کو ثابت کیا۔

اتوار کو یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور اسے آگے بڑھایا۔ شیری رحمان نے کہا کہ انہوں نے متعدد چیلنجز اور بین الاقوامی دبائو کے باوجود جوہری ٹیکنالوجی کے حصول اور مہارت حاصل کرنے کا سفر شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی اور شہید بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا، ہمارے قائدین نے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ ان کا عزم، قیادت اور دور اندیشی ناقابل فراموش ہے۔ پاکستان زندہ آباد