اپوزیشن ایک ایجنڈے پر عمل پیرا ہے کہ ”ہمیں کرپشن پر مت پکڑو“، بھارت اور اسرائیل بڑے دہشت گرد ممالک ہیں، لاہور کے عوام نے لندن بیانیہ مسترد کردیا ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی کا پریس کانفرنس سے خطاب

65
ہمارا دین ،ہمارا وطن اور ہماری فوج یہ ہماری ریڈ لائن ہے ۔محمد طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی، مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اپوزیشن ایک ایجنڈے پر عمل پیرا ہے کہ ”ہمیں کرپشن پر مت پکڑو“، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو انتہاء پسندی، دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد اور بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے آگے بڑھنا چاہئے، جبری مذہب کی تبدیلی اور کم عمر کی شادیوں کے معاملات کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا جا رہا ہے، بھارت اور اسرائیل بڑے دہشت گرد ممالک ہیں، لاہور کے عوام نے لندن بیانیہ مسترد کر دیا ہے، عمران خان جلسوں اور لانگ مارچ سے دباؤ میں نہیں آئیں گے، پاکستان نے عالمی دہشت گرد تنظیموں سے بھارت کے روابط کو بے نقاب کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو انتہاء پسندی، دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد اور بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے بات چیت کی کوششوں میں آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان احتجاجی ریلیوں، دھرنے اور لانگ مارچ سے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ بھارت کے خفیہ تعلقات کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دنیا کے بڑے دہشت گرد ممالک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے چین اور عرب ممالک کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی اور مذہبی قیادت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ برادر مسلم ممالک کے بارے میں محتاط انداز میں بات کرے اور اپنے مفادات کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے مسلم ممالک اور چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مستحکم کیا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کے بارے میں بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کو تمام آئینی اور قانونی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام لوگ پاکستانی ہیں اور کوئی کسی کو کسی امتیاز اور فرق کے باعث اس کے حق سے محروم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، سلامتی اور شفقت کا دین ہے۔ جبری مذہب کی تبدیلی اور کم عمر کی شادیوں کے معاملات کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوام نے لندن بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم ملک میں انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کے مقصد کے ساتھ ریاستی اداروں پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سینیٹ میں ووٹنگ کے حوالے سے موقف سے اپوزیشن مسلسل بھاگ رہی ہے۔ ہم کسی کے لئے غدداری کے سرٹیفیکیٹس نہیں بنانا چاہتے لیکن غددار کو ہمیشہ غددار ہی کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی سیاستدان ہیں جنہوں نے گزشتہ تیس سالوں سے ملک کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا۔ ایک طرف تو یہ سیاستدان پارلیمنٹ کو جعلی قرار دیتے ہیں لیکن پچھلے تیس ماہ سے تمام مراعات اور تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سچے مسلمان اور عاشق رسولؐ ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ناموس رسالتؐ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی پر تبصرہ کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں لیکن کچھ عناصر عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے مستحکم تعلقات کو خراب کرنے کے لئے بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 2023ء کے انتخابات بھی جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر پاکستان کے دشمنوں کیلئے نعرے لگاتے تھے وہ لاہور کے عوام کو غددار قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن ایک ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، ”ہمیں کرپشن پر مت پکڑو“۔