اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے بدعنوان قائدین اور قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث عناصر کے خلاف ہے، اپوزیشن ملک میں انتشار پھیلا کر حکومت کو بلیک میل کر کے این آر او لینا چاہتی ہے، یہ لوگ جتنی کوشش کر سکتے ہیں کر لیں، وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر انہیں این آر او نہیں دیں گے، وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان 80 کی دہائی سے آگے بڑھ چکا ہے اور ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، آصف علی زرداری کی لوٹ مار کی داستانوں کی وجہ سے پیپلزپارٹی عوام میں مقبولیت کھو چکی ہے، اب آصفہ بھٹو کو لانچ کریں یا کسی اور کو، عوام کبھی بدعنوان عناصر کو دوبارہ ملک کو لوٹنے کا موقع نہیں دیں گے۔ پیر کو پی ڈی ایم کے ملتان جلسہ پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں دوہرے معیار کی وجہ سے عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہیں، یہ لوگ اپنے گھر کی منگنی کی تقریب اور تعزیت کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرتے ہیں اور دوسری جانب سیاسی فوائد کے حصول اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے جلسے کر کے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل رہے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین ماضی میں بھی اسطرح کے حالات پیدا کر کے این آر او لیتے آئے ہیں، ابھی بھی اپوزیشن کا مقصد ملک میں کورونا پھیلا کر معاشی سرگرمیوں کو بند کرنا ہے تاکہ عوام بھوک کی وجہ سے سڑکوں پر نکل آئیں، حکومت پر دبائو پڑے اور یہ ریلیف لے سکیں لیکن وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف والدہ کے انتقال کی وجہ سے تعزیت کیلئے 15 دن پر پیرول کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ مریم صفدر دوسرے ہی روز جلسے کرنے نکل پڑی ہیں جو کہ ان کے دوغلے پن کی انتہا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اقتدار میں آنے کے بعد خوب لوٹ مار کی اور اثاثے بنائے، منافع میں جانے والی اسٹیل ملز گھاٹے میں بدلی، ن لیگ نے اپنے دور میں اسٹیل ملز بند کر دی اور گزشتہ پانچ سالوں سے عوام کے پیسوں سے اس کے ملازمین کو گھر بیٹھے تنخواہیں دی جا رہی تھیں، موجودہ حکومت جب ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ دینے جا رہی ہے تو اب یہی لوگ اس پر سیاسی بیان بازی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے صوبے میں لاک ڈائون لگانے اور لوگوں کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما دوسرے صوبوں میں جا کر جلسے کر رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں منافقانہ رویہ ترک کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور اللہ کی خاص رحمت کی وجہ سے ملکی معیشت اوپر اٹھ رہی ہے، پاکستان 80 کی دہائی سے آگے بڑھ چکا ہے، پیپلزپارٹی کے قائدین کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں، پیپلزپارٹی اب آصفہ بھٹو یا کسی اور کو لانچ کرے لوگ کبھی ان بدعنوان عناصر کو دوبارہ ملک لوٹنے کا موقع نہیں دیں گے۔