اپوزیشن کی سیاست ختم ہو چکی، تحریک انصاف حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ انتخابات کے شفاف انعقادکو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے،معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل

64
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ٹیکنالوجی کے ذریعے آئندہ انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے، اپوزیشن جماعتوں کی سیاست ختم ہو گئی ہے اسلئے یہ لوگ ای وی ایم سے خوفزدہ ہیں کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دھاندلی کے تمام دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہو جائیں گے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ گھٹیا اور دوسروں پر الزام تراشی کی سیاست کی ہے، یہ لوگوں کی جعلی وڈیو اور آڈیوز بنا کر انہیں بلیک میلنگ کرتے رہے ہیں، اب بھی ان لوگوں نے جعلی بیان حلفی اور جعلی آڈیو ٹیپ کے ذریعے قومی ادارے پر دبائو ڈالنے کی کوشش کی لیکن یہ لوگ بری طرح بے نقاب ہو گئے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف کیسز منطقی انجام کی طرف جا رہے ہیں، اس وقت جھوٹا بیان حلفی اور جعلی آڈیو ٹیپ لانے کا مقصد صرف مقدمات کو تاخیر کا شکار کرنا ہے تاکہ یہ سزائوں سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءعام انتخابات میں آر ٹی ایس سسٹم کے تحت تحریک انصاف کو 25 سے 30 سیٹوں میں ہرایا گیا، تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار اور نثار احمد جٹ جیتے ہوئے تھے لیکن آر ٹی ایس کے ذریعے انہیں ہرایا گیا اسلئے موجودہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے ایوان سے انتخابی اصلاحات اور ای وی ایم کا قانون پاس کرا لیا ہے، اب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئے قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے اگلے انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد یقینی بنائے۔