اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی کرپشن بچاﺅ اے پی سی ناکامی سے دوچار ہو ئی، کرپشن بچانے والے مفاد پرست آج پھر پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر سے ان کی نام نہاد بیماری کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ علی امین گنڈاپورنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اقتدار کے خواب اب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں، اقتدار کے لالچ میں مارے مارے پھرنا مولانا کا مقدر بن چکا ہے ،مولانا فضل الرحمان جیسے نام نہاد علماءدین سے پوری قوم پناہ مانگتی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی بتا دیا تھا کہ کرپشن کے یہ سردار ان کے خلاف اکھٹے ہو جائیں گے، لاکھ کوششوں کے باوجود کرپٹ اپوزیشن عمران خان کے خلاف ناکام رہے گی۔