اچھی فلموں کا معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ہے، نوجوان سیکھنے کا عمل جاری رکھیں، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا ”دوسرے نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول 2023ء“ کی تقریب سے خطاب

103

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے معاشرے سے عدم برداشت کے خاتمے میں فلموں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھی فلمیں معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، فلموں کا نہ صرف پرانے بلکہ دور حاضر میں بھی تاریخی کردار رہا ہے، اچھی فلمیں تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا طریقہ سکھاتی ہیں، ہماری نوجوان نسل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مستفید ہو رہی ہے، نوجوانوں کو سیکھنے کا عمل جاری اور اپنی تنقیدی صلاحیتوں کو زندہ رکھنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام ”دوسرے نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول 2023ء“ کی تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول فاطمہ جناح یونیورسٹی کی ایک اہم کاوش ہے، فلموں کا نہ صرف پرانے دور بلکہ عصر حاضر میں بھی اہم تاریخی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی فلمیں اخلاقیات سکھانے کے ساتھ ساتھ تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا طریقہ بھی سکھاتی ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمارے نوجوان ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مستفید ہو رہے ہیں، نوجوان سیکھنے کے اس عمل کو جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے ساتھ یو این ایف پی اے سمیت دیگر عالمی اداروں کی شراکت داری دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی قومی نشریاتی ادارہ ہے جو اس عظیم فیسٹیول میں شراکت دار ہے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے فیسٹیول میں جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کی جبکہ رنرز اپ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی تنقیدی صلاحیتوں کو زندہ رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل صورتحال سے گذر رہا ہے، ہمیں معاشرے میں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنانے پر فاطمہ جناح یونیورسٹی اور دیگر شراکت داروں کا مشکور ہوں، وزارت اطلاعات کے دروازے نوجوانوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں، وزارت اطلاعات فاطمہ جناح یونیورسٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔