اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے کامرس ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ اکتوبر 2023 کے دوران برآمدات میں 13.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اسی طرح اس عرصے کے دوران تجارتی خسارے میں بھی 4.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں برآمدات 13.6 فیصد اضافے کے بعد2.707 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی جبکہ درآمدات میں بھی 4.9 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران برآمدات میں 0.66 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسی عرصے کے دوران درآمدات میں18.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور تجارتی خسارہ 35 فیصد کم ہو کر 7.416 ارب ڈالر ہو گیا ۔ نگران وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور برامدات میں اضافہ اور تجارتی خسارے میں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان بہتری کی جانب گامزن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اسی طرح محنت اور لگن سے کام کرتے رہے تو جلد ہی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=407377