ایبٹ آباد۔ 21 اگست (اے پی پی):ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کا فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور کالے شیشوں کا استعمال کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں، ٹریفک سرکل انچارجز کی زیر نگرانی مختلف مقامات پر سخت ناکہ بندیاں کی گئی ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف ہزارہ طاہر ایوب خان کی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک عارف جاوید خان کی زیر نگرانی جملہ سرکل ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی ضلع بھر میں مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور طریقہ سے کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس حوالہ سے دوران ناکہ بندی کالے شیشوں کے استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 876 گاڑیوں سے کالے پیپر اتار کر ان کے خلاف کارروائی کی گئی، اس کے ساتھ ساتھ فینسی نمبر پلیٹ اور غیر قانونی پلیٹوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 554 گاڑیوں سے نمبر پلیٹیں اتار کر انہیں جرمانے کئے گئے۔
پہاڑی علاقوں کے روٹس پر چلنے والی لوکل ٹرانسپورٹ ڈرائیوروں جو گاڑیوں کی چھتوں اور پیچے سیڑھی پر سواریوں کی اوور لوڈنگ کرتے ہیں، کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بھاری جرمانے کئے گئے، ساتھ ساتھ ہی انہیں آخری وارننگ بھی جاری کی گئی۔ اس کے علاوہ بنا ہیلمنٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، بنا ہیلمنٹ موٹر سائیکل چلانے پر 343 موٹر سائیکل سواروں کو جرمانے کئے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=381140