ایبٹ آبادمیں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا باضابطہ افتتاح

102

ایبٹ آباد۔ 18 فروری (اے پی پی):ایبٹ آبادمیں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائر ثناء اللہ ، تحصیل میونسپل آفیسر شکیل حیات ، چیف ایگزیکٹو واسا ریحان یوسف اور محکمہ فارسٹ کے افسران نے شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ٹی ایم اے ایبٹ آباد اور واسا ایبٹ آباد کے زیر اہتمام ڈمپنگ گراؤنڈ سلہڈ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں کامسیٹس یونیورسٹی کے طلبہ کو شجرکاری مہم میں بھرپور طریقے سے شامل کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے شجرکاری کی اہمیت، ماحولیاتی تحفظ اور ایک سرسبز و شاداب پاکستان کے قیام میں اس مہم کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شجرکاری مہم کے دوران مختلف اداروں کے ساتھ مل کر ایبٹ آباد میں 50 ہزار درخت لگائے جائیں گے۔ آئیں،آئیے ہم سب مل کر ایبٹ آباد کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر آنے والی نسلوں کو ایک بہتر ماحول فراہم کریں۔