ایبٹ آباد۔جیلیں بھرنے کے دعویداروں نے 10سال تک اپنی جیبیں بھریں، مشکل حالات کا ذمہ دار عمران خان ہے۔مریم نواز

174
ایبٹ آباد۔جیلیں بھرنے کے دعویداروں نے 10سال تک اپنی جیبیں بھریں، مشکل حالات کا ذمہ دار عمران خان ہے۔مریم نواز

ایبٹ آباد۔ 09 فروری (اے پی پی):مسلم لیگ(ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جیلیں بھرنے کے دعویداروں نے 10سال تک اپنی جیبیں بھریں۔موجودہ مشکل حالات کا ذمہ دار عمران خان اوراس کے حواری ہیں۔عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالہ کردیا۔فر ح گوگی کو چارٹرطیارہ کے ذریعے فرار کروایا گیا۔پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں احتساب کے ہرادارے کو تالا لگادیا۔عمران خان خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 10سال اورپنچاب میں مسلم لیگ (ن)کے دس سالہ دور اقتدار کا موازنہ کریں‘فرق واضح نظر آئے گا۔ملک کو مشکلات کے بھنور سے صرف مسلم لیگ(ن)ہی نکال سکتی ہے۔ملک کا کوئی بھی ترقی کا منصوبہ اٹھالیں‘نواز شریف کا نام ملے گا۔

مخالفین بھی آج کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ نواز شریف کا حکم تھاکہ پورے ملک میں جاؤں اورپارٹی کارکنوں کی با ت سنوں۔خیبرپختونخوا اورہزارہ کے عوام نے انہیں ہمیشہ عزت دی۔عوام آئندہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیاب بنائیں۔صوبہ ہزارہ بنانے کا وعدہ کرتی ہوں۔وہ جمعرات کو یہاں ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہی تھیں۔کنونشن سے مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کے صدر امیرمقام‘جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی‘سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اورمسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ خیبرپختونخوا کے صدر سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے بھی خطاب کیا۔

کنونشن میں ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے مسلم لیگ(ن)کے ضلعی عہدیداران‘یوتھ ونگ‘خواتین ونگ‘لیبرونگ کے عہدیداروں اورمسلم لیگ(ن)کے کارکنوں سے کثیرتعداد میں شرکت کی۔مریم نواز نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن)جب بھی برسراقتدار آئی ملک معیشت مضبوط کی اورملک کے مسائل حل کئے۔انہوں نے کہا کہ ان کی آنکھیں ترس گئیں مگر خیبرپختونخوا میں عمران خان کا کوئی منصوبہ نظر نہیں آیا۔خیبرپختونخوا کو خدمت کے جذبہ سے سرشار مسلم لیگ(ن)کی ضرورت ہے۔

نواز شریف نے ہزارہ کو موٹروے کا تحفہ دیا۔عمران خان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔جوپیسہ عوام کے تحفظ کیلئے خرچ ہوتا‘وہ عمران خان کے تحفظ کے لئے خرچ ہوتا رہا۔عدالت بلاتی ہے تو عمران خان کی ٹانگ پر پلاسٹر ہے اوروہ جلسوں میں شرکت کررہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات اورمہنگائی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔عوام نواز شریف کے چار سالہ دور اورعمران خان کے چار سالہ دور کا موازنہ کریں‘عوام کو واضح فرق نظر آئے گا۔عمران خان اوراس کے حواریوں کو اپنا انجام نظر آرہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے آزمائے ہوئے لوگوں کو بہت آزمالیا اب عوام اپنی نسلوں کی بہتری کی خاطر مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیں۔

نواز شریف کے حکم پرخیبرپختونخوا ہرضلع میں جاکر عوام تک نواز شریف کا پیغام پہنچاؤں گی۔کارکنوں کی جانب سے صوبہ ہزارہ کے مطالبہ پر مریم نواز نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے پارلیمنٹ میں دوتہائی اکثریت کی ضرورت ہے۔عوام آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن)کو ووٹ دے کر دوتہائی اکثریت سے کامیاب بنائیں‘وہ صوبہ ہزارہ کی قیام کا وعدہ کرتی ہیں۔