ایبٹ آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):ڈین ایوب میڈیکل کالج و چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی مختلف آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس او پی ڈیز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے نہ صرف مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا بلکہ موقع پر موجود رہتے ہوئے عوام اور عملے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر نئے فرنیچر کی فراہمی کی ہدایت جاری کی۔ڈاکٹر ثاقب ملک نے ہدایت کی کہ او پی ڈیز میں بریکٹ فینز کی تنصیب اور مؤثر فعالیت کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ شدید گرمی میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والوں کے بیٹھنے کے لیے کرسیوں اور بنچز کی فوری مرمت اور تنصیب کو بھی ترجیح دی جائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم سب کو مل کر صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے ادارے کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔ ہماری اولین ترجیح عوام کو باعزت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک نے عملہ سے ملاقات کی ان کی خدمات کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ مریضوں کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہوئے ادارے کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔