واشنگٹن۔19نومبر (اے پی پی):امریکا نے خبردار کیا ہے کہ ایتھوپیا میں جاری جنگ دارالحکومت ادیس ابابا کے قریب تک پہنچ گئی ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا نےگزشتہ روز خبردار کیا ہے کہ مصروف ترین افریقی ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والے ادیس ابابا ایئر پورٹ سے آنے جانے والی پروازوں کے پائلٹوں کو علم ہونا چاہیے کہ وہ ممکنہ طور پر زمینی ہتھیاروں سے کیے گئے حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایتھوپیا کی سکیورٹی فورسز اورٹیگرے کے علاقے کے جنگجوؤں کے مابین شدید جھڑپیں ادیس ابابا ایئر پورٹ کو براہ راست یا بالواسطہ طور پر اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں۔واضح رہے کہ امریکا نے رواں ہفتے ایتھوپیا میں مقیم اپنے شہریوں کو وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی تھی۔