ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور متعدد دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

91
شنگھائی تعاون تنظیم

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور مسگانو آریگا پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد میں ہیں، دورے کے دوران پاکستان اور ایتھوپیا سائنس اور ٹیکنالوجی، تجارت اور تعاون پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور منگل کو پاکستان کے دورے پر پہنچے تھےِ، پاکستان آمد کے بعد انہوں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ وہ آج جمعرات کو وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کریں گے اور ایتھوپیا کے سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک سائنس و ٹیکنالوجی، تجارت اور باہمی دلچسپی کے دیگر دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور کے دورہ کے موقع پر کراچی اور ادیس ابابا کے درمیان ایتھوپین ایئرلائنز کی پہلی براہ راست پروازوں کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفد میں ایتھوپیا کے سائنس وٹیکنالوجی، تجارت اور علاقائی یکجہتی کے وزرائے مملکت اور کاروباری برادری کے ارکان شامل ہیں۔