دبئی ۔25جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے کشیدگی میں کمی کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔وام کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اس سے خطے میں استحکام کےلیے سازگار ماحول کی راہ ہموار ہوگی۔ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے تعمیری کردار کو سراہا گیا
جنہوں نے اس معاہدے میں اہم کردار ادا کیا۔بیان میں مزید کشیدگی کو روکنے اور خطے میں انسانی و سلامتی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مسلسل اور موثر ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔متحدہ عرب امارات نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کیا کہ’ خطے کو مزید تنازعات سے بچانے کےلیے تحمل، سیاسی حل اور جامع مکالمے کو ترجیح دی جائے کیونکہ تنازعات نہ صرف ترقی کے امکانات کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عوام کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں۔
امارات نے علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر امن کی بنیادوں کو مستحکم کرنے خطے اور بین الاقوامی سلامتی، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔