اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):ایران کے شہر مہرستان میں دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے آٹھ پاکستانی شہریوں کی میتیں پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے میں بدھ کی شب بہاولپور پہنچائی گئیں۔زاہدان میں پاکستان کے قونصل بھی پرواز میں سوار تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق بعد ازاں یہ میتیں بہاولپور انتظامیہ کے سپردکر دی گئی تھیں جس نے انہیں سوگوار خاندانوں تک فوری طور پر پہنچانے کو یقینی بنایا۔ بیان کے مطابق میتوں کی فوری وطن واپسی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے تمام ضروری قانونی اور طبی عمل کو موثر طریقے سے مکمل کیا گیا جس میں میتوں کو مہرستان سے زاہدان اور اس کے بعد بہاولپور پہنچانا شامل تھا۔
ایران میں پاکستان کے سفیر اور ان کی ٹیم نے وطن واپسی کو تیز کرنے کے لیے ایرانی حکام اور متعلقہ پاکستانی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں ایران کی حکومت کے تعاون اور مدد کو سراہتے ہیں۔ ترجمان نے مرحومین کے بلندی درجات اور سوگوار خاندانوں کی اس مشکل وقت میں حوصلے کی دعا کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583982