ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم کی وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات، بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت

96

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم کی قیادت میں ایرانی سفارتخانہ کے ایک وفد نے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ سے ان کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کے لئے ملاقات کی۔ ترجمان وزارت ہائوسنگ کے مطابق سفیر نے ایران کی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے گہرے غم اور تعزیتی کلمات پہنچائے۔ انہوں نے غمزدہ خاندان کے لئے ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے لئے دعا کی۔

سفیر نے پاکستانی بھائیوں سے گہری محبت اور احترام کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مخلصانہ خیالات کا بھی ذکر کیا۔وفاقی وزیر نے اس مشکل وقت میں ہمدردی اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے پر سفیر سے گہرے تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان ایران قریبی برادرانہ تعلقات کا تذکرہ کیا جس کی مذہبی، تاریخی، نسلی اور ثقافتی مشترکات میں گہری جڑی ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم رہے گا۔ وفاقی وزیر نے تعلیم، زراعت اور توانائی کے میدان میں وفود کے تبادلے پر بھی زور دیا۔دونوں اطراف نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون، باہمی انحصار اور تجارت مضبوط دوطرفہ تعلقات کے لئے ناگزیر ہے۔