ایس ای سی پی کے اپیلیٹ بینچ نے بروقت انصاف کی فراہمی کے عزم کے تحت مالی سال 2024-25 میں 124 اپیلیں نمٹا دیں

32
ایس ای سی پی کے اپیلیٹ بینچ نے بروقت انصاف کی فراہمی کے عزم کے تحت مالی سال 2024-25 میں 124 اپیلیں نمٹا دیں

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے اپیلیٹ بینچ نے بروقت انصاف اور ریگولیٹری احتساب کو یقینی بنانے کے لیے مالی سال 2024-25 کے دوران 124 اپیلیں نمٹا دی ہیں۔نمٹائی گئی اپیلوں میں سے 22 کیسز انشورنس آرڈیننس 2000 سے متعلق تھے جبکہ 15 اپیلیں سکیورٹیز ایکٹ 2015 کے بارے میں تھیں۔

اس کے علاوہ 34 اپیلیں کمپنیز آرڈیننس 1984 اور کمپنیز ایکٹ 2017 کی شقوں سے متعلق تھیں جبکہ 5 اپیلیں نان بینکنگ فنانس کمپنیز ریگولیشنز 2008 کی خلاف ورزیوں پر نمٹائی گئیں۔

باقی 48 اپیلیں ایس ای سی پی کی اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے سے متعلق ریگولیشنز 2018 اور 2020 کی خلاف ورزیوں پر تھیں۔ کل 124 اپیلوں میں سے اپیلیٹ بینچ نے 113 فیصلے برقرار رکھے جبکہ 11 فیصلے ختم کر دیئے۔ یہ نتائج بینچ کی محنت، انصاف پسندی اور لوگوں کی شکایات دور کرنے میں اس کے اہم کردار کو ظاہر کرتے ہیں۔

اپیلیٹ بینچ کے تمام فیصلے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر عوام کے لیے دستیاب ہیں جو کمیشن کی شفافیت اور اچھی حکمرانی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اس عرصے کے دوران بینچ نے پچھلا ریکارڈ بھی کافی حد تک نمٹا دیا اور ساتھ ہی 73 نئی اپیلیں بھی درج کیں۔ بڑھتی ہوئی یہ تعداد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ سٹیک ہولڈرز انصاف کے لیے اپیلیٹ بینچ پر پہلے سے زیادہ اعتماد کر رہے ہیں۔

عوام کی آسانی کے لیے اپیلیٹ بینچ نے درخواستوں پر ایس ای سی پی کے علاقائی دفاتر میں بھی سماعتیں شروع کر دی ہیں جس کا مقصد اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں کے درخواست گزاروں کو بھی آسانی دینا ہے۔