اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم اس وقت درست سمت میں جارہی ہے اور جیت کو اپنی عادت بنا لیا ہے۔ دبئی میں انٹرویو کے دوران سابق کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ اس بار ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جانا ہے اس لئے مختلف حکمت عملی درکار ہوگی۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ایشیا کپ کیلئے پاکستان نے جس سکواڈ کا اعلان کیا ہے اس کا مقابلہ کرنا بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوگا، قومی ٹیم اس وقت جس طرح متحد ہوکر کھیل رہی ہے اور اچھی پرفارمنس دکھا رہی ہے اس سے وہ ایک مکمل ٹیم نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان اور بھارت فیورٹ ہیں تاہم اس سب کے باوجود دوسری ٹیموں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
گزشتہ ایشیا کپ میں بھی ہمارا خیال تھا کہ پاکستان اور بھارت فیورٹ ہیں جبکہ سری لنکا نے ایونٹ میں فتح حاصل کی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم کپتانی سیکھ رہا ہے اور پرفارمنس دے رہا ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستانی اوپنر فخر زمان اس وقت فارم میں نظر نہیں آرہے، انہوں نے لنکا پریمیئر لیگ اور اپنے آخری تین انٹرنیشنل میچوں میں اچھی پرفارمنس نہیں دکھائی، امید ہے وہ جلد فارم میں واپس آئیں گے۔