اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی ویمن ونگ کی صدر صباء شمیم جدون نے کہا ہے کہ ملک میں ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ سے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ 14 سے 20 فروری تک اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چیمپئن شپ میں ایشیائی سطح کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے اور کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں میڈم صباء شمیم جدون نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں اور امید ہے اس ایشین چیمپئن شپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554454