لاہور۔26مئی (اے پی پی):ایشین جوجٹسو چمپین شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واپڈا کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ اور تین برونزمیڈ لز جیت لئے۔واپڈا کی با نوکوثر بٹ نے خواتین کی48 کلو گرام کانٹیکٹ جو جٹسو کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوتے بھارت کی رچا شرما کو سنسنی خیز مقابلہ میں شکست دیکرگولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ان کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کیلئے اعزاز ہے بلکہ کھیلوں کے میدان میں واپڈا کی اعلی روایات کی عکاسی بھی کرتی ہے۔دوسری جانب جوجٹسو کی ڈیو کیٹیگری میں بھی واپڈا کے کھلاڑیوں نے پاکستان کیلئے میڈ لز جیتے۔محمد علی راشد نے مردوں کی ڈیوکیٹیگری میں برونز میڈل جیتا جبکہ اسرا وسیم اور کائنات عارف نے خواتین کی ڈیوکیٹیگری میں برونز میڈ لزحاصل کئے۔
اردن میں منعقد ہونے والی تین روزہ چیمپئن ن شپ میں27 ممالک سے800 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی اور بہترین مارشل آرٹس کا مظاہرہ کیا گیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے چھ رکنی دستہ میں چار کھلاڑیوں کا تعلق واپڈا سے ہے،جو مارشل آرٹس کی ترقی کیلئے واپڈا کی غیر معمولی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔چیئرمین واپڈا انجنیئر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی جو واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلی بھی ہیں نے چیمپین شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر واپڈاکے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ واپڈا کے کھلاڑی آئندہ مقابلوں میں بھی پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔واپڈا سپورٹس بورڈ نے بھی میڈ لز جیتنے والے کھلاڑیوں کو ملک کیلئے اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباددی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601510