کراچی۔ 21 ستمبر (اے پی پی): ایشین گیمز میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سے جمعرات کو یہاں جاری تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے 19ویں ایشین گیمز کے خواتین کرکٹ ایونٹ میں پاکستان اور انڈونیشیا کی خواتین ٹیموں کے درمیان کوارٹرفائنل بارش کی وجہ سے ممکن نہ ہوسکا،
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بہتر سیڈنگ کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان ایشین گیمز کے خواتین کرکٹ مقابلوں کا دفاعی چیمپئن ہے ۔ اس نے2010اور 2014کے ایشین گیمز ویمنز کرکٹ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔انڈیا نے بھی سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے جبکہ دو کوارٹرفائنلز (کل) جمعہ کے روز کھیلے جائیں گے۔ سری لنکا کا مقابلہ تھائی لینڈ سے ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم ہانگ کانگ سے مقابلہ کرے گی۔