ایشین گیمز ،پاکستان نے بنگلہ دیش کو 2-5گول سے ہرا دیا

ہاکی

کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم نے بنگلہ دیش کوایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے میچ میں دو کے مقابلہ میں پانچ گول سے شکست دے دی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن سے منگل کو یہاں جاری تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ہانگ ژو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے ۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے دوسرے پول میچ میں فتح حاصل کرلی۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کو 2 کے مقابلہ میں 5 گول سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیل کے 19ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کرکے برتری حاصل کی گئی جوکہ پاکستان کی جانب سے کھیل کے 30ویں منٹ میں افراز نے فیلڈ گول کرکے اس برتری کا خاتمہ کیا۔ کھیل کے 40ویں منٹ میں پاکستان کے رائٹ سٹرائیکر شاہ زیب خان نے فیلڈ گول سکور کرکے پاکستان کی برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 43ویں منٹ میں پاکستان کے لیفٹ سٹرائیکر محمد عماد نے پاکستان کی جانب سے تیسرا گول سکور کیا۔

بنگلہ دیش نے کھیل کے 46ویں منٹ میں فیلڈ گول سکور کرکے خسارے کو کم کیا۔ ڈریگ فلکر سفیان خان نے کھیل کے 48ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر تیزرفتار ڈریگ فلک کے ذریعہ گول سکور کرکے پاکستان کی جانب سے چوتھا گول سکور کیا۔ کھیل کے 57ویں منٹ میں پاکستان کے ڈریگ فلک سپیشلسٹ ارباز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ تیز رفتار ڈریگ فلک لگا کر پاکستان کی جانب سے پانچواں گول سکور کیا۔پاکستان ہاکی ٹیم 28 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف اپنا تیسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح6 بجے کھیلے گی۔

ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں 12ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چین ، اومان ، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم اپنے پول میں دو میچوں میں مجموعی طور پر 16 گول سکور کرچکی ہے۔