ایشین گیمز مینز فٹ بال ایونٹ کا پری کوارٹر فائنل رائونڈ (کل) شروع ہوگا

ہانگ ژو۔26ستمبر (اے پی پی): چین کے شہر ہانگ ژو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں مختلف کھیلوں کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ایشین گیمز کے مینز فٹ بال ایونٹ کا پری کوارٹر فائنل رائونڈ (کل) بدھ سے شروع ہوگا جس کے 5 میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ ٹاپ 16 رائونڈ کا پہلا میچ ایران اور تھائی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا،

دوسرے میچ میں شمالی کوریا اور بحرین کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی، تیسرا میچ میزبان چین اور قطر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، چوتھے میچ میں ہانگ کانگ فلسطین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ کل بدھ کا پانچواں پری کوارٹر فائنل میچ جنوبی کوریا اور کرغزستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے بقیہ تین میچز 28 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد مینز فٹ بال ایونٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔کوارٹر فائنل رائونڈ کے چاروں میچز یکم اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ایشین گیمز میں مینز فٹ بال ایونٹ کے تمام میچز شانگچنگ سپورٹس سینٹر سٹیڈیم، ہانگ ژو میں کھیلے جائیں گے۔