اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):چین کے شہر ہینگزو میں جاری ایشین گیمز ایشین گیمز میں سکواش کا ایونٹ (کل) منگل سے شروع ہوگا۔ سکواش ایونٹ میں پاکستان کے 8 کھلاڑی شریک ہوں گے جن میں عاصم خان، ناصر اقبال، نورالعین اعجاز، نور الہدیٰ صادق، سعدیہ گل، فرحان زمان، نور زمان اور مہوش علی شامل ہیں۔ کوچنگ کے فرائض فہیم گل انجام دیں گے۔ ایشین گیمز میں سکواش کے مقابلے 26 ستمبر سے 5 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔ پاکستان مینز، ویمنز اور مکسڈ ٹیم مقابلوں میں حصہ لے گا۔
ایونٹ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی 8 اکتوبر کو واپس وطن پہنچیں گے۔پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ایئر کموڈور عامر نواز نے بتایاکہ قومی ٹیم چین کے شہر ہینگزومیں پہنچ چکی ہے اور کھلاڑی اپنی پریکٹس میں مصروف ہیں اور امید ہے کہ کھلاڑی ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سکواش کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور فیڈریشن اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی دہائیوں تک دنیا پر حکمرانی کر رکھی تھی اس کے علاوہ جونیئر کھلاڑیوں نے بھی بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر رکھا ہے۔