کراچی۔ 25 ستمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشین گیمز ویمنز کرکٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ سے پیر کو یہاں جاری تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے 19 ویں ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر صرف 64 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
جواب میں بنگلہ دیش ویمنز نے مطلوبہ سکور 18.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پاکستان ویمنز کی اننگز میں شوال ذوالفقار پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں۔پاکستان ویمنز کو دوسرے اوور میں سدرہ امین کے آئوٹ ہونے کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو صرف ایک رن بناسکیں،چھٹے اوور میں منیبہ علی صفر پر آؤٹ ہوئیں تو مجموعی سکور صرف10 رنز تھا۔عالیہ ریاض دو چوکوں کی مدد سے 17 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں۔صدف شمس 13،کپتان ندا ڈار 14 اور نتالیہ پرویز 11 رنز بنانے میں کامیاب ہوپائیں۔
بنگلہ دیش کی طرف سے شورنا اختر نے16 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔سنجیدہ اختر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بنگلہ دیش ویمنز کی اوپنرز شمیما سلطانہ اور شاتھی رانی نے 27 رنز کا آغاز دیا لیکن اس کے بعد پاکستانی بولرز وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی رہیں تاہم کم سکور ہونے کی وجہ سے وہ تمام تر کوشش کے باوجود بنگلہ دیش کو ہدف تک پہنچنے سے روکنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
شمیما سلطانہ اورشاتھی رانی دونوں بالترتیب 13،13 رنز بناکر نمایاں رہیں۔شورنا اختر نے عمدہ بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی ذمہ داری دکھائی اور 14رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ نشرہ سندھو 10 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب بولر رہیں۔