سیالکوٹ۔ 27 مارچ (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن نےسیالکوٹ ائیر پورٹ پر کارروائی کرکے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نےسیالکوٹ ائیر پورٹ پر کارروائی کرکے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا ہے،سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ بے نقاب ہوگیا۔ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر موریطانیہ سے سیالکوٹ پہنچنے والے مسافر سے پوچھ گچھ کی ، مسافر کی شناخت علی اسد کے نام سے ہوئی اورمسافر کا تعلق گجرات سے ہے۔
ترجمان کے مطابق مسافر فلائٹ نمبر ایف زیڈ337 کے ذریعے سینیگال سے سیالکوٹ پہنچا، مسافر نے کچھ عرصہ قبل وزٹ ویزہ پر فیصل آباد ائیرپورٹ سے سینیگال سفر کیا ،مسافر سفیان نامی ایجنٹ سے رابطے میں تھا ،ایجنٹ نے مسافر سے 35 لاکھ روپے کے عوض یورپ پہنچانے کے معاملات طے کیے تھے ،تاہم موریطانیہ پہنچنے پر ایجنٹ نے مسافر کو غیر قانونی طورپر یورپ بھجوانے کی کوشش کی ، مسافر نے سمندر کے راستے غیر قانونی سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس آ گیا ۔
ترجمان کے مطابق ایجنٹ کا تعلق منڈی بہائوالدین سے ہے،مسافر کو ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گجرات منتقل کر دیا گیا اورغیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال جاری ہے۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی ایجنٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہی ،انسانی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایف آئی اے نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایجنٹوں کے جھانسے میں نہ آئیں، بیرون ملک سفر کے لیے قانونی راستے اختیار کریں اوراپنے ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں۔