ایف آئی اے کارروائی، کروڑوں روپے کے مالیاتی فراڈ میں ملوث اشتہاری گرفتار

41

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):ایف آئی اے لاہور زون کی کراروائی کے دوران ایس ای سی پی کے عملہ کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کے مالیاتی فراڈ میں ملوث اشتہاری گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف ائی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرکےایس ای سی پی کے عملہ کی ملی بھگت سے کمپنی کے کروڑوں روپے کے شیئرز اپنے نام منتقل کروانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت شہزادہ عالمگیر کے نام سے ہوئی ہے۔ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں لاہور سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم نے جعلی کاغذات تیار کر کے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے کروڑوں مالیت کے51 شیئرز اپنے نام منتقل کروائے۔ملزم نے کمپنی کی سالانہ جنرل میٹنگ برائے الیکشن آف ڈائریکٹرز کے جعلی منٹس آف میٹنگ بھی تیار کئے۔ایس ای سی پی کے عملہ کی ملی بھگت سے کمپنی کےسی ای اوکو فارغ کر دیا۔ملزم ایف آئی اے کو کافی عرصہ سے مطلوب تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔مزید تفتیش جاری ہے۔