اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):ایف بی آر نے ٹیکس کے ملکی نظام کو جدید بنانے کے لیےادائیگیوں کا نیا سسٹم ای پیمنٹ 2.0 متعارف کرا دیا ہے جو ایف بی آر کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو بہتر بناتے ہوئے محصولات میں جدید ڈیجیٹل حل کے ذریعے اضافہ کیا جا سکے، ادائیگیوں کا یہ نیا سسٹم آئی آرآئی ایس 2.0 پورٹل میں دستیاب ہے، یہ جدید پلیٹ فارم ہے جو ملک بھر کے ٹیکس دہندگان کے لیے ادائیگی کے عمل کو آسان بناتا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق اس سسٹم سے صارفین کو اپنے بینک اکائونٹس سے انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم اور موبائل بینکنگ کے ذریعے محفوظ، مئوثر اور آسان آن لائن ادائیگی کی سہولت میسر ہو گی جس سے بینک جانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
ریونیو مینجمنٹ میں ای پیمنٹ 2.0 اہم پیش رفت ہے جو انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور ود ہولڈنگ ٹیکس جیسے مختلف اقسام کے ٹیکسوں کا احاطہ کرتی ہے، اس سے پہلے ٹیکس دہندگان کو آئی آر آئی ایس 2.0 سے باہر علیحدہ ای پیمنٹ سسٹم استعمال کرنا پڑتا تھا جس میں مختلف پورٹلز کے درمیان تبادلہ شامل ہوتا تھا، اب ای پیمنٹ 2.0 کے ذریعے ایف بی آر نے ایک متحد اور بہتر یوزر فرینڈلی انٹرفیس فراہم کیا ہے جو آئی آر آئی ایس 2.0 میں براہ راست دستیاب ہے، ایک منفرد پیمنٹ سلپ آئی ڈی (پی ایس آئی ڈی) جنریٹ کرکے یہ سسٹم دونوں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے لیے فوری اور آسان ادائیگی کی سہولت فراہم کرتا ہے، ادائیگی مکمل ہونے پر تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (سی پی آر) ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے جاری کی جاتی ہے اور اسے آئی آر آئی ایس 2.0 سسٹم میں مستقبل کے استعمال کے لیے آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ سسٹم محفوظ اور درست ملٹی سٹیپ ورک فلو کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو پی ایس آئی ڈی جنریٹ کرنے، اے ڈی سی چینلز کے ذریعے ادائیگی مکمل کرنے اور فوری طور پر کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (سی پی آر) وصول کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
شفافیت اور جوابدہی کو بڑھانے کے لیے اس میں جامع پی ایس آئی ڈی سرچ فیچر بھی شامل ہے جس سے ٹیکس دہندگان کو ادائیگی کا ریکارڈ آسانی سے حاصل اور تصدیق کرنے کی سہولت ملتی ہے۔ اس نوعیت کی آٹو میشن اور انٹگریشن کی بدو لت غلطیوں اور تاخیر کا خطرہ کم ہو جاتا ہے اور ٹیکس کی ادائیگی کا مرحلہ واضح طور پر آسان ہو جاتا ہے جس سے یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ ایف بی آر کاروبار دوست ماحول مہیا کرنے کے لئے انتھک محنت کررہا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی اور ڈی ٹی) عائشہ فاروق نے اسلام آباد میں پی آر اے ایل ہیڈکوارٹر میں ای پیمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔ ان کی موجودگی سے ایف بی آر کے جاری جدیدیت کے منصوبوں میں اس ڈیجیٹل پیش رفت کی سٹریٹیجک اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔
نئے سسٹم سے ٹیکس دہندگان کی سہولت اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، یہ انقلابی جدت ہے جو ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں ایف بی آر کی لیڈر شپ کی آئینہ دار ہے۔ ای پیمنٹ 2.0 متعارف کرا کے ایف بی آر نے نہ صرف ٹیکس ادائیگی کے عمل کو آسان بنایا ہے بلکہ اسےآئی آر آئی ایس 2.0 پلیٹ فارم میں ضم کر دیا گیا ہے جس سے ٹیکس دہندگان کو ادائیگیوں کا ایک آسان اور بہتر طریقہ کار فراہم کیا گیا ہے۔
اس مربوط نظام سے متعدد لاگ انز اور پلیٹ فارم تبدیل کرنے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے اور ایک ہی مربوط انٹرفیس فراہم کیا گیا ہے جو صارفین کے لیے نہایت آسان اور مئوثر ہے۔ ٹیکس دہندگان کو اب ایک ایسا منظم عمل میسر ہے جس سے تمام ضروری ٹیکسوں کی ادائیگیوں کی سہولت ایک جگہ پر دستیاب ہے جس سے ٹیکس کمپلائنس پہلے سے زیادہ آسان اور سہل ہو گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=524361