ایف بی آر کا برآمد کنندگان،کاروباری افراد کو سیلز ٹیکس ریفنڈ بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ

115

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے برآمد کنندگان اور دیگر کاروباری افراد کو سیلز ٹیکس ریفنڈ بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ برآمدکنندگان اور کاروباری افراد کی سہولت کے لئے کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ءمیں سیکشن 67 میں شامل کردی گئی ہے۔ بانڈز قابل تجارت، ایس ایل آر کے اہل اور بینکوں سے قرضوں کے حصول کے لئے بطور اثاثہ جات و ضمانت استعمال ہوسکیں گے۔ بانڈز تین سالہ میچورٹی پیریڈ کے بعد 10 فیصد سالانہ سادہ منافع کے بھی حامل ہوں گے۔ بانڈز کے ذریعے ریفنڈ کی ادائیگی کے خواہش مند کلیم دہندگان اپنی خواہش ایف بی آر کی ای پورٹل پر فراہم کر سکتے ہیں اور اس سلسلہ میں بانڈز اجراءکے پہلے مرحلے میں شمولیت کے خواہش مند کاروباری افراد سے کہا گیا کہ وہ 25 مارچ تک ایف بی آر کو اپنی رضا مندی سے آگاہ کردیں۔