لاہور۔3مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ڈی جی ایل ڈی اے ) طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے سکیموں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ترجمان کے مطابق ایل ڈی اے ٹیموں نے گزشتہ روز علامہ اقبال ٹاون کے پاک بلاک اور آصف بلاک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ایل ڈی اے ٹیموں نے سبزہ زار کے ایم اور این بلاک میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ایل ڈی اے ٹیموں نے دونوں سکیموں میں متعدد رہائشی گھروں کے باہر سے تجاوزات مسمار کر دیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے آپریشن کے دوران شیڈز، تھڑے، پارکنگ جنگلے اور ریمپس مسمار کر دیئے۔ڈی جی طاہر فاروق نے کہا کہ شہری بلڈنگ لائن کے باہر بنی تجاوزات از خود ختم کر رہے ہیں۔شہری اپنی تعمیرات بلڈنگ لائن کے اندر تعمیر کریں۔ایل ڈی اے سکیموں میں گرین بیلٹ اور پارکنگ روڈ لیول پر کرنے کی اجازت ہے۔ایل ڈی اے کے آپریشن کے بعد شہری اپنی بلڈنگ لائن پر واپس تعمیرات کر رہے ہیں۔تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد سکیموں کے اندر سڑکیں کشادہ اور بہتر ہو رہی ہیں۔ایل ڈی اے ٹیمیں مین شاہراہوں کے ساتھ ساتھ گلیوں میں بھی تجاوزات مسمار کر رہی ہیں۔ایل ڈی اے کی دیگر سکیموں میں بھی آپریشن جلد شروع کیا جائے گا۔
آپریشن ایڈیشنل ڈی جی یوپی، ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر ،ڈائریکٹر انفورسمنٹ، ہاسنگ تھری اور فور کے ڈائریکٹرز کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔