ایل ڈی اے کی کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری

9

لاہور۔25جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ڈی جی ایل ڈی اے ) طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹاون پلاننگ ونگ غیرقانونی تعمیرات،غیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف متحرک ہے۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے مختلف سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں آپریشن کرکے متعدد غیرقانونی تعمیرات مسمارجبکہ 95 املاک سربمہرکر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے نواب ٹاون، پائن ایونیو، باگڑیاں روڈ، ہائی کورٹ روڈ سوسائٹی، رائے ونڈ روڈ،گلبرگ، شادمان، شاہ جمال، مین یو بی ڈی کینال روڈ،مسلم ٹاون، وحدت روڈ، سبزہ زارمیں آپریشن کیا۔

ٹیموں نے نواب ٹاون،پائن ایونیو، باگڑیاں روڈ، بالمقابل ہائی کورٹ سوسائٹی،رائے ونڈ روڈ پرمتعدد غیرقانونی دکانیں اور ہال مسمار کر دیا۔غیرقانونی کمرشل استعمال، کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پرگلبرگ میں 32، شادمان، مین یو بی ڈی کینال روڈ، شاہ جمال،نیو مسلم ٹاون میں 25املاک سربمہر کر دیں۔ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران وحدت روڈ،سبزہ زار میں 38املاک سیل کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں،نجی سکول،کلینک، کیفے، گراسری سٹور، سیلون، ورکشاپ، دکانیں، دفاتر ودیگر شامل ہیں۔

آپریشن چیف ٹاون پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹان پلانر ٹواظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پرغیرقانونی تعمیرات،غیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔