ایمرجنگ ایشیا کپ ، پاکستان شاہینز نے یو اے ای کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، شاہنواز دھانی پلیئر آف دی میچ قرار

186
Emerging Asia Cup
Emerging Asia Cup

اومان۔23اکتوبر (اے پی پی):اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان شاہینز نے متحدہ عرب امارات کو 114 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، کپتان محمد حارث نے 71 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی ، فاسٹ بائولر شاہنواز دھانی کو پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بدھ کے روز الامارت کرکٹ سٹیڈیم اومان میں کھیلے گئے 11ویں میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ پاکستان شاہینز کی پہلی وکٹ 21 کے سکور پر گری جو تمام کے تمام عمیر بن یوسف نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے تھے۔

ان کے رن آئوٹ ہونے کے بعد یاسر خان نے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا لیکن وہ بھی 25 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جس میں2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔کپتان محمد حارث نے ون ڈائون پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے71 رنز ناٹ آئوٹ سکور کیے، 49 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔حیدر علی نے آئوٹ ہوئے بغیر 32 رنز سکور کیے جس میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا۔یو اے ای کے بائولر محمد فاروق نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان شاہینز کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 16.3 اوورز میں صرف 65 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، یو اے ای کے بیٹرز شاہنواز دھانی کی بائولنگ پر بے بس نظر آئے جنہوں نے صرف 12 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، وہ اس شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔سفیان مقیم نے دو کھلاڑی آئوٹ کیے۔محمد حارث نے وکٹ کیپنگ میں بھی اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلاتے ہوئے ایک سٹمپ اور تین کیچز کیے۔