ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ کا پشاور میں معذور افراد کی جسمانی بحالی کے ادارے کا دورہ

215

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):پاکستان بیت المال اور Paraplegicسنٹر صوبہ خیبر پختونخوا کے معذور افراد کی بحالی کے لئے مشترکہ کاوشیں عمل میں لائیں گے۔ یہ فیصلہ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ کے پشاور میں معذور افراد کی جسمانی بحالی کے ادارے Paraplegicسنٹر کے دورے کے موقع پر کیا گیا۔ سنٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر الیاس سیّد نے ایم ڈی پاکستان بیت المال کو ان تمام اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جن کی مدد سے مختلف اقسام کی جسمانی معذوی میں مبتلا افراد کی بحالی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

ایم ڈی پاکستان بیت المال نے معذور افراد کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں بسنے والے معذور افرا د کو ان کا سماجی و معاشی حق دینا انتہائی اہم ہے۔اس موقع پر عامر فدا پراچہ نے بتایا پاکستان بیت المال معذور افراد کی امداد اور بحالی کے لیے بے مثال خدمات انجام دے رہا ہے جن میں کسٹمائزڈ ویل چئیرز، آلات سماعت، مصنوعی اعضاء اور دوسری اسسٹو ڈیوائسز سمیت مالی معاونت بھی شامل ہے۔

انہو ں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد معذور افراد کواس قابل بنانا ہے کہ وہ روز مرہ زندگی کے امور میں شرکت کرتے ہوئے بھرپور زندگی گزاریں اور وہ ایک کامیاب اور خودانحصار شہری کے طور پر پہچانیں جائیں۔ paraplegicسنٹر کے سربراہ الیاس سیّد نے معذور افراد کی بحالی کے لیے پاکستان بیت المال کے تعاون پر شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے باہمی تعاون سے معذور افراد کو بہترین انداز میں خدمات فراہم کرنا ممکن ہو گا۔ اس موقع پرپاکستان بیت المال اور Paraplegicسنٹر معذور افراد کو کسٹمائزڈ ویل چئیرز اور دوسرے جدید مددگار آلات کی فراہمی کے لئے باہمی دلچسپی کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ معذور افراد کوپیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش دیگر مشکلات کے ازالے کے لیے بھی مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔بعد ازاں ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے پشاور میں قائم پاکستان بیت المال کے صوبائی دفتر کا دورہ کیا اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر بریفنگ لیتے ہوئے صوبے کے غریب افراد کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایات کیں۔ وہ جمرود (خیبر ایجنسی) میں قائم سویٹ ہوم بھی گئے اور یہاں رہائش پذیر یتیم بچوں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی بہترین پرورش اور کفالت کو یقینی بنانے کی ہدایات کیں۔