اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر انسداد منشیات کارروائیاں ،بھاری مقدار میں منشیات برآمد

107

راولپنڈی۔14اپریل (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے ملک گیر انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلیں ۔اے این ایف ہیڈکوآرٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق باچہ خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر کامیاب کارروائی کے دوران شارجہ جانے والےمُلزم کے پیٹ سے 4 چرس بھرے کیپسولز برآمدکرکے بنوں کا رہائشی ملزم گرفتارکرلیا۔پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔

کوہاٹ اندس ہائی وےپر ٹرک سے 12 کلو چرس برآمد کرکےڈیرہ اسماعیل خان کا رہائشی ملزم گرفتارکرلیا۔اے این ایف اور ایف سی کی سِیری شان خیل ایریا میں مشترکہ کارروائی کے دوران پلندک نالہ کے قریب 30 کلو چرس اور 2 کلو 400 گرام افیون برآمد کرلی۔سیالکوٹ ایئرپورٹ پر سپین جانے والے ملزم کے بیگ میں جذب شدہ 8 کلو 420 گرام ہیروئین برآمد کرکے منڈی بہاؤ الدین کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا۔

چمن فرینڈ شپ گیٹ کے قریب چیکنگ کے دوران 11 کلو 700 گرام آئس برآمدکرکےقلعہ عبداللّہ کا رہائشی ملزم گرفتارکرلیا ۔برآمدشدہ آئس نمک میں چھپائی گئی تھی ۔گرفتا رملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔