اینٹی ڈینگی ٹیموں کو فیلڈ میں چوکس انداز میں ڈیوٹی انجام اور ہاٹ سپاٹس کو مسلسل چیک کرنے کی ہدایت

69

فیصل آباد ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کو فیلڈ میں چوکس انداز میں ڈیوٹی انجام اور ہاٹ سپاٹس کو مسلسل چیک کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ چونکہ بدلتے ہوئے موسم میں ڈینگی کے خدشات موجود ہیں اسلئے اس ضمن میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای اوز ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور بلدیاتی اداروں و محکمہ ماحولیات کے حکام کے نام جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کے سلسلہ میں ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم شہریوں کے تعاون کے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے لہٰذااحتیاطی تدابیرپر ذمہ دادی سے عمل پیرا رہا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ایام میں ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کا صفایا ناگزیر ہے لہٰذااینٹی ڈینگی ٹیمیں فیلڈ میں کسی کوتاہی سے گریز کریں۔انہوں نے شہریوں کوہدایت کی کہ وہ گھروں کے اندر کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں اور گملوں، کیاریوں کو خشک رکھیں تاکہ لاروا کو افزائش کا موقع نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے۔

انہوں نے تحصیل افسران سے بھی کہا کہ وہ دفاتر اور عمارتوں کی روزانہ کی بنیادپر صفائی لازمی کرائیں جبکہ چھتوں سمیت کسی جگہ پانی جمع نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے انسداد ڈینگی مہم کے دوران عوامی آگاہی کیلئے فلیکسز، سٹیمرز آویزاں کرنے اور شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کرنے کی ضرورت پربھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا کر ہی ڈینگی کو شکست دی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خطرات سے بچنے کیلئے احساس اور احتیاطی تدابیر پر عمل در آمد کا سبق بار بار دہرانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ انسداد ڈینگی سے بچاؤ کا پیغام ہر گھر تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اورگھروں کے اندر اورباہر صفائی وستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ڈینگی کو سر اٹھانے کا موقع نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی کا خاتمہ ممکن نہیں۔