اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی ) کی جانب سے پہلی مرتبہ عالمی یوم مزدور کے موقع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد یکم مئی کو اسلام آباد میں ہوگا ۔ اس تاریخی کانفرنس کا موضوع "تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگی "رکھا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں مزدوروں کے حقوق، صنعتی ہم آہنگی، اور عالمی معیارات سے ہم آہنگ قانون سازی پر مکالمہ اور مشاورت کو فروغ دینا ہے۔کانفرنس کی صدارت چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کریں گے جبکہ اس میں ملک بھر سے نامور قانونی ماہرین، سپریم کورٹ کے معزز ججز، وفاقی وزراء، مزدور یونینز کے رہنما، بڑے صنعتی اداروں کے مالکان اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے نمائندگان شریک ہوں گے۔
اس کانفرنس میں افتتاحی خطاب چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کریں گے، جس کے بعد معروف قانون دان بیرسٹر ظفراللہ خان "اسلام میں مزدور اور آجر کے حقوق و فرائض” پر خطاب کریں گے۔سپریم کورٹ کے معزز جج جناب جسٹس جمال خان مندوخیل "پاکستانی عدلیہ کی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کاوشوں” پر کلیدی خطاب کریں گے۔ کانفرنس کے دوران مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں مزدوروں اور مالکان کے درمیان تعلقات، صنعتی مکالمہ، اور متبادل تنازعات کے حل جیسے اہم موضوعات پر سیر حاصل بحث کی جائے گی۔
تکنیکی نشست اول کی صدارت سابق جج سپریم کورٹ جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے کریں گے جبکہ اس سیشن میں مختلف صنعتی اداروں کے مالکان اور مزدور یونینز کے رہنما شامل ہوں گے۔ اس نشست کی نظامت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سلمان منصور صدیقی کریں گے۔دوسری تکنیکی نشست میں "انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ 2012 کے تحت شکایات کے ازالے” اور "آئی ایل او کنونشنز سے مطابقت کے لیے پاکستان کی کوششیں” جیسے موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔ اس سیشن کی صدارت وفاقی وزیر برائے وزارتِ سمندر پار پاکستانی و افرادی قوت چوہدری سالک حسین کریں گے جبکہ سیشن میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عمران شفیق میڈیٹر کا کردار ادا کریں گے ۔
اختتامی سیشن "پاکستان میں مزدور قوانین کی عالمی معیار سے ہم آہنگی کے لیے حکومتی اقدامات” ہوگا جس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن، اور مزدور امور کے ماہر افتخار احمد کے خطابات شامل ہوں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز اور گلدستے پیش کیے جائیں گے جبکہ شرکاء کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام ہو گا۔چیئرمین این آئی آر سی نے کہا ہے کہ یہ کانفرنس مزدوروں کے حقوق کے فروغ اور صنعتی ہم آہنگی کے قیام کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "WE 2025” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک سوچ ہے، جو تبدیلی کو ہم آہنگی، مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے اپنانے کا پیغام دیتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585873