این آئی آر سی نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ایمپلائز یونین کے الیکشن کو آئین و قانون کے مطابق درست قرار دے دیا،مخالف گروپ کے اعترا ضات خارج

133

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن(این آئی آر سی)نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ایمپلائز یونین کے الیکشن کو آئین و قانون کے مطابق درست قرار دیتے ہوئے مخالف گروپ گرینڈا لائنس کے اعترا ضات مسترد کرتے ہوئے خارج کر دیا ۔

اے پی پی ایمپلائز یونین کی عدالت سے کامیابی پر اے پی پی ہیڈ کوارٹر زسمیت ملک بھر کے تمام بیوروز اوراسٹیشنز میں جشن منایا گیا جبکہ صحافی تنظیموں کی جانب سے اے پی پی ایمپلائز یونین کو مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 29مارچ 2024کو اے پی پی ایمپلائز یونین اسلام آباد کے الیکشن ہوئے جس میں ملک خضر زمان بھاری اکثریت سے صدر، ندیم اقبال جنرل سیکرٹری، خالد اقبال ربانی جوائنٹ سیکرٹری جبکہ ملک خضر زمان گروپ کے 11ایگزیکٹو ممبران کامیاب ہوئے جس کانوٹیفکیشن الیکشن کمیشن نے جاری کیا۔الیکشن ہارنے والے گرینڈ الائنس نے ہار تسلیم کرنے کے بجائےجھوٹے الزامات کی بنیاد پر این آئی آر سی میں الیکشن کیخلاف کیس کر دیا۔

بروز منگل 10ستمبر کو این آئی آر سی میں کیس کی سماعت ہوئی جس میں اے پی پی ایمپلائز یونین کے وکیل یعقوب مستوئی ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں مخالف گروپ کے تمام اعتراضات کا تسلی بخش جواب دیتے ہوئے انھیں مسترد کیا۔جس کے بعد عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے اے پی پی ایمپلائز یونین کے الیکشن کو آئین و قانون کے مطابق درست قرار دیا اور مخالفین کے اعتراضات کو خارج کر دیا جبکہ یونین کے دوا عزازی ممبران کی رکنیت ختم کر دی گئی، عدالت کی جانب سے ورکروں کے حق میں فیصلہ آنے پر اے پی پی ہیڈ کوارٹرز میں ملازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئےعدالت کے فیصلے کو خوش آئند اور اسےاے پی پی یونین اور ورکرز کی فتح قرار دیا۔ اے پی پی ملازمین نے یونین صدر ملک خضر زمان، جنرل سیکرٹری ندیم اقبال، جوائنٹ سیکرٹری خالد ربانی سمیت ورکرز اتحاد کے تمام کامیاب عہدیداران کو مبارکباد دی اوراے پی پی ورکرز اتحاد کے چیئر مین ملک سلیم اختر اعوان سمیت پوری قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر اے پی پی کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے، ورکروں کے مسائل حل کرنے، اور ادارے سے کرپشن کا خاتمہ کرنے پر منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کچھی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔دریں اثنااین آئی آر سی سے فیصلہ آنے کے بعد ملک بھر کی صحافی تنظیموں کی جانب سے اے پی پی ایمپلائز یونین کے صدر ملک خضر زمان، جنرل سیکرٹری ندیم اقبال سمیت تمام عہدیداران اور ورکرز اتحاد کے چیئر مین ملک سلیم اختر، سرپرست اعلیٰ علی رضا علوی، صدر عبد الحمید تبسم، جنرل سیکرٹری خالد اقبال سمیت پوری قیادت کو مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔عدالت کے فیصلے کو یونین کی فتح اورحق وسچ کی جیت قرار دیا جا رہا ہے۔